کراچی/اسلام آباد: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک سے اہم ملاقات کی، جس میں مشرقِ وسطیٰ کے تنازع کے باعث پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے اور ایندھن کے ذخائر کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے ملاقات کے دوران تشویشناک صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر مشرقِ وسطیٰ میں جاری تنازع مزید شدت اختیار کرتا ہے تو عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 120 ڈالر فی بیرل تک پہنچ سکتی ہے۔ تاہم، انہوں نے ایک مثبت خبر دیتے ہوئے بتایا کہ کل تک پٹرول سے لدے 3 بحری جہاز پاکستان پہنچنے کی توقع ہے، جس سے ملک میں ایندھن کی فراہمی میں بہتری آئے گی۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے واضح کیا کہ وفاقی حکومت عالمی توانائی منڈیوں کی بدلتی ہوئی صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تیل کی قیمتوں میں اضافے سے معیشت پر پڑنے والے مالی اثرات کو کم کرنے کے لیے جامع متبادل منصوبے تیار کیے جا رہے ہیں۔ توانائی کے اس ممکنہ بحران سے نمٹنے کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان قریبی رابطہ برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ موجودہ عالمی حالات کے پیشِ نظر توانائی کی صورتحال کو سنبھالنے کے لیے صوبوں اور وفاق کو ایک پیج پر رہنا ہوگا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے صوبائی سطح پر ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی تاکہ عوام پر بوجھ کم سے کم منتقل ہو۔