کراچی : کراچی کے شہریوں کو ٹریفک کے عذاب سے نجات دلانے کے لیے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اتوار کی چھٹی کے باوجود سڑکوں پر نکل آئے۔ انہوں نے شہر کے متعدد میگا پراجیکٹس کے ہنگامی دورے کیے اور سست روی کا شکار منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرنے کی سخت ہدایات جاری کیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی بی آر ٹی ریڈ لائن منصوبے کی تعمیراتی پیشرفت کا جائزہ لینے کے لیے نمائش سے لے کر صفورا چورنگی تک کے طویل روٹ کا معائنہ کیا۔ انہوں نے تعمیراتی کام کی کوالٹی اور رفتار کو مانیٹر کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو کام مزید تیز کرنے کا حکم دیا۔
اس کے بعد مراد علی شاہ نے شاہراہِ بھٹو کا رخ کیا اور فیصل ٹول پلازہ پر ہنگامی طور پر ایک انفارمل اجلاس منعقد کیا۔ وزیراعلیٰ نے شاہراہِ بھٹو پر سیکیورٹی اور ٹریفک کنٹرول کے لیے پولیس پیٹرولنگ کو فوری بڑھانے اور جدید ای چالان سسٹم کو فی الفور فعال کرنے کی سخت ہدایت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ شاہراہِ بھٹو پر موٹر سائیکلوں کے داخلے پر لگی پابندی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور اس پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے۔
دورے کے دوران وزیراعلیٰ نے زیرِ تعمیر عظیم پورہ فلائی اوور کا بھی تفصیلی معائنہ کیا، جہاں میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے انہیں اب تک ہونے والے کام پر بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے منصوبے کو مکمل کرنے کے لیے انتظامیہ کو 100 دن کی آخری مہلت دیتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ خود 15 جون کو اس فلائی اوور کا افتتاح کریں گے، لہٰذا کام میں کوئی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے امید ظاہر کی کہ عظیم پورہ فلائی اوور کے فعال ہوتے ہی شاہراہِ فیصل اور اس کے گردونواح کے علاقوں میں ٹریفک کا دباؤ دم توڑ جائے گا اور عوام کو ٹریفک جام سے مستقل چھٹکارا مل جائے گا۔