پشین/برشور : وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی بلیک میلنگ کا شکار ہوئے بغیر صوبے کے تمام علاقوں کو ترقی دیں گے اور عوام کی محرومیوں کا ازالہ ان کی حکومت کا مشن ہے۔پشین کے علاقے برشور میں ایک بڑے عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہامیں سوشل میڈیا کی مہم جوئی سے مرعوب ہونے والا نہیں ہوں، میرے فیصلے زمینی حقائق اور عوامی مفاد پر مبنی ہوں گے۔سرکاری اداروں کو اپنے پیروں پر کھڑا کریں گے تاکہ وہ عام آدمی کی خدمت کے قابل بن سکیں۔
ان کاکہنا تھا کہ کوئی مجھے بلیک میل نہیں کر سکتا، میرا مقصد صرف اور صرف بلوچستان میں امن اور ترقی کا دور لانا ہے۔
علاقے کی طبی سہولیات میں بہتری لانے کے لیے وزیراعلیٰ نے ایک اہم سنگِ میل کا اعلان کیا ۔ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال (THQ) برشور کو اب ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال (DHQ) کا درجہ دے دیا گیا ہے۔اس اقدام سے مقامی آبادی کو علاج معالجے کی اعلیٰ اور جدید سہولیات ان کی دہلیز پر میسر آئیں گی، جس کے لیے عوام نے بھرپور خیر مقدم کیا۔
وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب میں اعادہ کیا کہ بلوچستان کی خوشحالی کے لیے امن ناگزیر ہے اور وہ صوبے کے ہر کونے میں ترقی کا پہیہ چلانے کے لیے پرعزم ہیں۔ جلسے میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور حکومت کی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کیا۔