لاہور : وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور اسی سلسلے میں پیٹرولیم لیوی میں 80 روپے کی بڑی کمی کی گئی ہے۔ لاہور میں مسیحی برادری کے مذہبی تہوار ایسٹر کی مناسبت سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے حکومت کی عوامی پالیسیوں اور بین المذاہب ہم آہنگی پر روشنی ڈالی۔
وفاقی وزیر نے شرکاء کو خوشخبری سناتے ہوئے بتایا کہ حکومت عوام کی معاشی مشکلات سے پوری طرح آگاہ ہے۔ وزیراعظم نے عوام پر بوجھ کم کرنے کے لیے پیٹرولیم لیوی میں 80 روپے کمی کا فیصلہ کیا ہے تاکہ مہنگائی کے اثرات کو کم کیا جا سکے۔انہوں نے اعلان کیا کہ حکومت نے پورے پنجاب میں ٹرانسپورٹ مفت کر دی ہے، جو کہ عوام کے لیے ایک بہت بڑا ریلیف ہے۔ انہوں نے اعادہ کیا کہ جب بھی موقع ملا، حکومت عوام کو مزید سہولیات فراہم کرتی رہے گی۔
ایسٹر کی تقریب سے خطاب میں عطا اللہ تارڑ نے ملک کی ترقی میں مسیحی برادری کے کلیدی کردار کو سراہا۔ ملکی ترقی اور خوشحالی کے سفر میں مسیحی برادری مسلمانوں کے ساتھ برابر کی شریک ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے دفاع کے لیے مسیحی بھائیوں نے بھی اپنا خون بہایا ہے اور ملکی سرحدوں کی حفاظت میں ان کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ہم سب کا ہے اور ہم سب مل کر ہی اس ملک کو ترقی کی راہ پر آگے لے کر جائیں گے۔ہمیں فرقہ واریت اور مذہبی تفریق سے بالاتر ہو کر ایک قوم بن کر سوچنا ہوگا، کیونکہ پاکستان کی بقا اتحاد اور اتفاق میں ہی مضمر ہے۔