لاہور: صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے عالمی سطح پر منعقدہ ‘ورلڈ اربن فورم’ میں پاکستان کی شاندار نمائندگی کی ہے، جہاں فورم کے شرکاء مریم نواز کی دو سالہ کارکردگی پر انتہائی مسرت کا اظہار کرتے نظر آئے۔ وزیراعلیٰ نے فورم کے شرکاء کو دو سال کے دوران اپنی حکومت کے تاریخی فلاحی منصوبوں سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ عالمی فورم پر پنجاب حکومت کے فلیگ شپ پروگرامز کو بین الاقوامی مندوبین نے زبردست الفاظ میں سراہا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے واضح کیا “ورلڈ اربن فورم پر پنجاب کے انقلابی منصوبوں بالخصوص ‘اپنی چھت اپنا گھر’، ‘ستھرا پنجاب’، ‘ماڈل ویلج’ اور ‘صاف پانی’ کو بہت پذیرائی ملی ہے۔ پنجاب کے ان عوامی منصوبوں کا عالمی سطح پر توجہ حاصل کرنا ہمارے لیے باعثِ فخر ہے اور یہ مریم نواز کی بہترین گورننس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔”
رپورٹ کے مطابق، ورلڈ اربن فورم کے شرکاء نے پنجاب میں شہری ترقی، پائیدار ماحولیات اور عام آدمی کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کو دیگر ترقی پذیر ممالک کے لیے ایک ماڈل قرار دیا ہے۔ عظمیٰ بخاری نے عزم ظاہر کیا کہ ان عالمی تعریفوں کے بعد پنجاب حکومت عوامی خدمت کے سفر کو مزید تیز کرے گی۔