لاہور :وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ماؤں کے عالمی دن کے موقع پر ہر ماں کی صحت اور تندرستی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماں کی خدمت کو شعار بنانے والے دنیا و آخرت میں سرخرو ہوتے ہیں۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ زندگی کی چلچلاتی دھوپ میں ماں کی ہستی ایک ٹھنڈی چھاؤں کی مانند ہے جو راحت و سکون فراہم کرتی ہے۔
مریم نواز شریف نے اپنی مرحومہ والدہ کو یاد کرتے ہوئے جذباتی انداز میں کہا کہ وہ ہر روز اپنی ماں کی کمی محسوس کرتی ہیں اور ان کی شفقت کو کبھی فراموش نہیں کر سکتیں۔ انہوں نے زور دیا کہ مائیں ایک مضبوط معاشرے کی تشکیل میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں اور ان کی قدر کرنا ہر اولاد کا فرض ہے۔