ٹنڈو جام:سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ عید کے مبارک موقع پر ہمیں اپنے تمام پرانے اختلافات اور مسائل کو پسِ پشت ڈال کر متحد ہونا ہوگا اور عید کی خوشیاں باہمی محبت و یگانگت کے ساتھ منانی چاہئیں۔
اوول ہاؤس راہوکی، ٹنڈو جام میں عید کی نماز کے بعد میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے ملک کی موجودہ صورتحال پر بات کی اور کہا کہ ملک کو بھائی چارے، رواداری اور باہمی مفاہمت کے جذبے کے ساتھ ہی آگے بڑھایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ معاشرے سے نفرتوں کا خاتمہ اب وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے۔
عالمی امن کی کوششوں کا تذکرہ کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے عالمی امن کے قیام کے لیے انتہائی اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انسانیت سب سے مقدم ہے اور ہر انسان کی جان بے حد قیمتی ہے، اس لیے ہمیں امن اور محبت کے پیغام کو عام کرنا ہوگا۔