نام تبدیل کر کے ‘رہائی امن تحریک’ رکھ دیا گیا پارٹی قیادت

نام تبدیل کر کے ‘رہائی امن تحریک’ رکھ دیا گیا پارٹی قیادت

پشاور: بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے تشکیل دی جانے والی “رہائی فورس” کے اعلان نے تحریک انصاف کے اندرونی حلقوں میں ایک نیا پنڈورا باکس کھول دیا ہے۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور اور سہیل آفریدی کے اس فیصلے پر پارٹی کی مرکزی اور صوبائی قیادت کی شدید تنقید کے بعد حکمتِ عملی تبدیل کر لی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق، “فورس” کے نام پر پارٹی کے اندر سے ہی شدید تحفظات سامنے آئے تھے، جس کے بعد مفاہمتی راستہ اختیار کیا گیا۔ پارٹی قیادت کی مخالفت کے بعد “رہائی فورس” کا نام تبدیل کر کے اب “رہائی امن تحریک” رکھ دیا گیا ہے۔ نام کی تبدیلی اور اسے پرامن جدوجہد سے جوڑنے کے بعد تحریک انصاف کی مرکزی اور صوبائی قیادت نے اس اقدام کی حمایت کا گرین سگنل دے دیا ہے۔
اجلاس میں ایک اور اہم فیصلہ کیا گیا ہے جس کا مقصد حکومتی اور تنظیمی ڈھانچے کو الگ رکھنا ہے۔ کسی بھی احتجاجی یا سیاسی تحریک کو چلانے کا اختیار اب وزیراعلیٰ ہاؤس کے بجائے پارٹی تنظیم کے پاس ہوگا۔ سہیل آفریدی کے فیصلے کو تنظیمی نظم و ضبط کے تابع کر دیا گیا ہے تاکہ مستقبل میں کسی قسم کی غلط فہمی سے بچا جا سکے۔