لاہور : نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے لاہور میں حضرت داتا گنج بخش علی ہجویریؒ کے مزار پر حاضری دی اور توسیعی منصوبے کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر سیکرٹری اوقاف پنجاب احسان بھٹہ نے انہیں جاری ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بریفنگ دی۔
سیکرٹری اوقاف نے نائب وزیراعظم کو منصوبے کے مختلف تکنیکی اور تعمیری پہلوؤں سے آگاہ کیا۔ زائرین کو دھوپ اور بارش سے بچانے کے لیے جدید ہائیڈرولک کنوپیز کی تنصیب اور خوبصورت فرنٹ پلازہ کی تعمیر پر کام جاری ہے۔ منصوبے کے تحت 4 کنال جگہ کی ڈسمینٹلنگ (توسیع) سے متعلق امور مکمل کیے جا رہے ہیں تاکہ مزار کے احاطے میں گنجائش کو بڑھایا جا سکے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے داتا دربار آنے والے ہزاروں زائرین کو بین الاقوامی معیار کی سہولیات میسر ہوں گی۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے منصوبے کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا توسیعی منصوبے پر تیز رفتار بنیادوں پر کام ہونا خوش آئند ہے، اس سے عقیدت مندوں کی مشکلات میں کمی آئے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تعمیراتی کام میں معیار اور دربار کے تقدس کا خاص خیال رکھا جائے۔
اسحاق ڈار نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور ملک و قوم کی سلامتی، معاشی استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی۔ انہوں نے داتا علی ہجویریؒ کی انسانیت کے لیے خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اولیاء اللہ کے آستانے امن اور بھائی چارے کے مراکز ہیں۔