لاہور: پنجاب کی صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے اپنے حالیہ دورہ آذربائیجان کے دوران صوبے کی ترقی کے تاریخی منصوبے پیش کیے ہیں جنہیں عالمی سطح پر بے حد پذیرائی ملی ہے۔ لاہور میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے وزیر اعلیٰ کے غیر ملکی دورے پر اپوزیشن کی تنقید کو بلاجواز اور حسد پر مبنی قرار دے کر مسترد کر دیا۔
عظمیٰ بخاری نے سیاسی مخالفین پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا، “جنہوں نے اپنے دور میں ملک و قوم کے لیے کچھ کیا ہی نہیں، انہیں دنیا اپنے ہاں کیوں بلائے گی؟ کیا کسی کو بین الاقوامی سطح پر اس لیے مدعو کیا جاتا کہ آپ نے بنی گالہ اور اڈیالہ جیل کے کتنے چکر لگائے ہیں؟” انہوں نے واضح کیا کہ عالمی برادری صرف کام کرنے والے اور وژن رکھنے والے رہنماؤں کو ہی عزت دیتی ہے۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے پنجاب حکومت کے فلاحی اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعلیٰ کے انقلابی منصوبے ‘اپنی چھت اپنا گھر’ کے تحت اس وقت صوبے بھر میں ایک لاکھ گھر زیرِ تعمیر ہیں۔ اس کے علاوہ دیہی عوام کا معیارِ زندگی بلند کرنے کے لیے ایک اور بڑا تاریخی قدم اٹھایا جا رہا ہے جس کے تحت پنجاب کے 2 ہزار سے زائد دیہات کو تمام جدید سہولیات سے لیس کر کے ‘ماڈل ولیج’ بنایا جا رہا ہے۔