مخالفین شکست کے بعد اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے شرجیل انعام میمن

مخالفین شکست کے بعد اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے شرجیل انعام میمن

شکارپور: سندھ کے سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے سندھ میں ریکارڈ ترقیاتی کام کر کے مخالفین کے تمام پراپیگنڈے خاک میں ملا دیے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شکارپور میں ہائبرڈ بس سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
شرجیل میمن نے عوام کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ حکومتِ سندھ نے عوام کی سہولت کے لیے جدید ایئر کنڈیشنڈ ہائبرڈ بسیں سڑکوں پر لانے کا وعدہ پورا کر دیا ہے۔ یہ اے سی بسیں نہ صرف آرام دہ ہیں بلکہ انتہائی کم کرائے میں عوام کو عالمی معیار کی سفری سہولیات فراہم کریں گی۔شکارپور میں بس سروس کا آغاز اس بات کا ثبوت ہے کہ پیپلز پارٹی کی خدمات کا دائرہ پورے صوبے میں پھیلا ہوا ہے۔
صوبائی وزیر نے مخالفین کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ عبرتناک شکست کے بعد سیاسی حریف اب پیپلز پارٹی پر بلاجواز تنقید کر رہے ہیں۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا پیپلز پارٹی کو ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت ٹارگٹ کیا جاتا ہے اور ہمارا میڈیا ٹرائل کیا جا رہا ہے، لیکن عوام جانتے ہیں کہ پاکستان کے بہترین اسپتال اور ترقیاتی منصوبے صرف سندھ میں ہیں۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ ہم نے سندھ میں صحت کے شعبے میں جو ریکارڈ کام کیے ہیں، ان کی مثال پورے ملک میں نہیں ملتی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی باتوں پر نہیں بلکہ کام پر یقین رکھتی ہے اور عوامی خدمت کا یہ سفر کسی بھی سازش یا تنقید سے نہیں رکے گا۔