مارکیٹوں ریسٹورنٹس اور شادی ہالز کے لیے نئے اوقات کار کا اعلان

مارکیٹوں ریسٹورنٹس اور شادی ہالز کے لیے نئے اوقات کار کا اعلان

کراچی: حکومتِ سندھ نے ملک بھر میں جاری توانائی کے بحران اور معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے کفایت شعاری پالیسی کے تحت صوبے بھر میں نئے کاروباری اوقات نافذ کر دیے ہیں۔ اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے جس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔
نئے احکامات کے مطابق صوبے کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ تمام بڑی مارکیٹس اور تجارتی مراکز رات 9 بجے بند ہوں گے۔ صوبے کے باقی تمام اضلاع میں کاروبار رات 8 بجے ختم کرنا ہوگا۔
تفریحی اور سماجی تقریبات کے لیے بھی وقت کی سخت پابندی عائد کی گئی ہے۔    ہوٹلز و ریسٹورنٹس  صرف شام 7 بجے سے رات 11:30 بجے تک کام کر سکیں گے۔    شادی ہالز و بینکوئٹس میں  تقریبات کا دورانیہ رات 8 سے 12 بجے تک محدود کر دیا گیا ہے۔
عوامی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے درج ذیل دکانوں کو ان اوقات کار سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے، یعنی یہ معمول کے مطابق کھلی رہ سکیں گی۔     میڈیکل سٹورز اور فارمیسیز،    تندور اور بیکریاں،    دودھ کی دکانیں۔
 حکومت کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد بجلی کی بچت اور قومی وسائل کا دانشمندانہ استعمال ہے۔ ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ ان اوقات کار پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔