لاہور اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت ملک کے بیشتر حصوں میں موسلادھار بارش

لاہور اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت ملک کے بیشتر حصوں میں موسلادھار بارش

لاہور/اسلام آباد: ملک بھر میں مغربی ہواؤں کے باعث بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہو گیا، جس نے جہاں گرمی کا زور توڑ دیا وہیں کئی علاقوں میں تباہی بھی مچائی ہے۔ خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں شدید بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے کا المناک واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں 3 معصوم بچے جاں بحق ہو گئے۔ ریسکیو ٹیموں نے امدادی کارروائیوں کے بعد لاشوں کو ملبے سے نکال لیا۔
پنجاب کے مختلف اضلاع میں تیز ہواؤں اور ژالہ باری کے ساتھ ہونے والی بارش نے گندم کی تیار فصل کو شدید متاثر کیا ہے۔ کسانوں کا کہنا ہے کہ کھڑی فصلیں زمین بوس ہونے سے بھاری مالی نقصان کا خدشہ ہے۔
  لاہور، اسلام آباد اور راولپنڈی میں بادل جم کر برسے، جس سے نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے اور بجلی کا نظام بھی درہم برہم رہا۔ فیصل آباد، کامونکے، پتوکی، پاکپتن اور بورے والا سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں موسلادھار بارش ریکارڈ کی گئی۔ بارش کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا لیکن شہری علاقوں میں ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔