قائد آباد پولیس کا بڑا کریک ڈاؤن 35 کلو منشیات برآمد

قائد آباد پولیس کا بڑا کریک ڈاؤن 35 کلو منشیات برآمد

کراچی :کراچی پولیس نے منشیات سپلائی کرنے والے بڑے نیٹ ورک کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرتے ہوئے بدنامِ زمانہ منشیات فروش ‘نرگس عرف ملکہ’ کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے ملزمہ کے قبضے سے 35 کلو گرام منشیات اور ایک لاکھ روپے نقدی برآمد کر کے اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بنا دی۔
نمائندہ نیو نیوز کراچی  نسیم عادل کے مطابق  ایس ایچ او قائد آباد کا  کہنا ہے کہ   پولیس نے خفیہ اطلاع پر ایک منظم چھاپہ مارا جس کے نتیجے میں شہر کی معروف منشیات فروش ملکہ پولیس کے ہتھے چڑھ گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ ‘پنکی’ کی گرفتاری کے بعد، نرگس عرف ملکہ نے شہر میں منشیات کی فروخت اور سپلائی کے نظام کو سنبھال رکھا تھا۔ تلاشی کے دوران ملزمہ کے قبضے سے برآمد ہونے والی منشیات کی عالمی مارکیٹ میں قیمت لاکھوں روپے بتائی جاتی ہے۔
تفتیش کے دوران یہ سنسنی خیز انکشاف ہوا ہے کہ ملزمہ کا نیٹ ورک شہر کے پوش علاقوں اور اندرونِ سندھ تک پھیلا ہوا تھا۔ یہ منشیات خاص طور پر نوجوان نسل اور تعلیمی اداروں کے گرد و نواح میں سپلائی کی جانی تھی۔ ملزمہ سے برآمد ہونے والی ایک لاکھ روپے کی نقدی منشیات کی حالیہ فروخت سے حاصل کی گئی تھی۔
نمائندہ  نیو نیوز کراچی  نسیم عادل کے مطابق، پولیس نے ملزمہ کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔ حکام کو توقع ہے کہ ملکہ سے دورانِ تفتیش ہونے والے انکشافات کے نتیجے میں کراچی میں منشیات فروشی کے دیگر بڑے گروہوں اور ان کے سہولت کاروں تک رسائی حاصل ہو سکے گی۔