غیر ملکی وفود کی آمد پر میٹروبس جزوی معطل جڑواں شہروں میں ٹرانسپورٹ پر پابندی

غیر ملکی وفود کی آمد پر میٹروبس جزوی معطل جڑواں شہروں میں ٹرانسپورٹ پر پابندی

اسلام آباد/راولپنڈی : وفاقی دارالحکومت میں اہم غیر ملکی وفود کی آمد اور بین الاقوامی مذاکرات کے پیشِ نظر سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کر دیے گئے ہیں۔ اسلام آباد ٹریفک پولیس اور راولپنڈی انتظامیہ نے شہریوں کی حفاظت اور وی آئی پی موومنٹ کو یقینی بنانے کے لیے میٹروبس کی بندش سمیت ٹریفک کا ہنگامی پلان جاری کر دیا ہے۔
سیکیورٹی خدشات کے باعث میٹروبس سروس کو شدید محدود کر دیا گیا ہے۔میٹروبس اب صرف راولپنڈی صدر سے فیض آباد تک چلائی جا رہی ہے۔
 آئی جے پی روڈ سے پاک سیکرٹریٹ تک بس سروس مکمل طور پر معطل ہے۔ اس سے قبل پاک سیکرٹریٹ سے کچہری تک کا روٹ بھی بند کیا گیا تھا، جو تاحال بحال نہیں ہو سکا۔غیر ملکی وفود کی آمد کے پیشِ نظر اسلام آباد کا نقشہ تبدیل کر دیا گیا ہے۔ ریڈ زون کو عام ٹریفک کے لیے مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے۔ کورال چوک سے زیرو پوائنٹ تک ایکسپریس وے ٹریفک کے لیے معطل رہے گی۔    سری نگر ہائی وے سے  وقفے وقفے سے ٹریفک روک کر وفود کو راستہ دیا جائے گا، جبکہ ہیوی ٹریفک کا داخلہ شہر میں ممنوع ہوگا۔ شہری پریشانی سے بچنے کے لیے نائنتھ ایونیو، مارگلہ روڈ اور مری روڈ استعمال کر سکتے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے شہر میں ٹرانسپورٹ کے حوالے سے سخت احکامات جاری کیے ہیں۔ شہر بھر میں ہر قسم کی پرائیویٹ، پبلک اور گڈز ٹرانسپورٹ تاحکم ثانی معطل رہے گی۔ شہریوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ انتظامیہ کے جاری کردہ ہدایت نامے پر عمل کریں اور گھروں سے غیر ضروری باہر نکلنے اور سفر کرنے سے گریز کریں۔