عید الاضحیٰ کراچی انتظامیہ کے لیے سب سے بڑا چیلنج ہے صفائی کے لیے 105 کلیکشن پوائنٹس قائم: میئر

عید الاضحیٰ کراچی انتظامیہ کے لیے سب سے بڑا چیلنج ہے صفائی کے لیے 105 کلیکشن پوائنٹس قائم: میئر

کراچی :میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے عید الاضحیٰ کو کراچی کی انتظامیہ کے لیے سب سے بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ قربانی کی آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کے لیے پانچ روزہ آپریشن کے دوران تمام بلدیاتی ادارے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں نبھائیں گے۔

باغِ جناح (پولو گراؤنڈ) میں نمازِ عید کی ادائیگی کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی کا کہنا تھا کہ شہر کے ساتوں اضلاع میں آلائشیں جمع کرنے کے لیے 105 کلیکشن پوائنٹس قائم کر دیے گئے ہیں تاکہ شہریوں کو صفائی کے حوالے سے کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

گزشتہ سال کے اعداو و شمار کا ذکر کرتے ہوئے بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ گزشتہ برس عید کے موقع پر شہر سے 98 ہزار ٹن آلائشیں اٹھائی گئی تھیں، جبکہ اس سال قربانی کے حجم کو مدنظر رکھتے ہوئے امید ہے کہ اس سے بھی زیادہ مقدار میں آلائشیں ریکارڈ وقت میں ٹھکانے لگائی جائیں گی۔ انہوں نے بلدیاتی عملے کو الرٹ رہنے اور صفائی کے انتظامات کو ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔