کراچی: سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ (ایس ایس ڈبلیو ایم بی) نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر شہرِ قائد کو آلودگی اور بدبو سے پاک رکھنے کے لیے ایک خصوصی عوامی بیداری مہم “وعدہ کرو” کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے، جس کا مقصد شہریوں کی شمولیت سے صفائی کے نظام کو مؤثر بنانا ہے۔
ایس ایس ڈبلیو ایم بی کے مینیجنگ ڈائریکٹر طارق علی نظامانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کی صفائی صرف ایک سرکاری محکمے کی نہیں بلکہ پورے معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عید کے دنوں میں ویسٹ مینجمنٹ کا چیلنج بڑھ جاتا ہے، جس سے نمٹنے کے لیے ادارے کی سوشل موبلائزیشن ٹیمیں گھر گھر جا کر شہریوں کو متحرک کر رہی ہیں۔
انہوں نے مزید تفصیلات دیتے ہوئے بتایا کہ اس مہم کے تحت شہریوں سے یہ عہد لیا جا رہا ہے کہ وہ قربانی کی آلائشیں گلیوں اور نالوں میں پھینکنے کے بجائے مخصوص ویسٹ پوائنٹس تک پہنچائیں۔ اس کے ساتھ ہی شہریوں کو چونے کے چھڑکاؤ، بالو مٹی کے استعمال اور جراثیم کش اسپرے کی اہمیت کے بارے میں بھی گائیڈ کیا جا رہا ہے۔ طارق علی نظامانی نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ صفائی عملے کے ساتھ بھرپور تعاون کریں تاکہ عید کے بعد پیدا ہونے والے ماحولیاتی مسائل کا بروقت خاتمہ کیا جا سکے۔