عالمی بحران کے باوجود تیل کی فراہمی برقرار پیٹرولیم قیمتوں پر احتجاج بلاجواز ہے: رانا ثناء اللہ

عالمی بحران کے باوجود تیل کی فراہمی برقرار پیٹرولیم قیمتوں پر احتجاج بلاجواز ہے: رانا ثناء اللہ

فیصل آباد: وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے واضح کیا ہے کہ پیٹرول اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کا تعلق عالمی منڈی کے حالات سے ہے اور اس میں حکومت کا کوئی عمل دخل نہیں۔ انہوں نے سیاسی مخالفین کو مشورہ دیا کہ افراتفری پھیلانے کے بجائے ملک کی بہتری کے لیے سوچیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ دنیا بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں اور حکومت نے انتہائی مجبوری کی حالت میں یہ اضافہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے خلاف احتجاج کا کوئی جواز نہیں بنتا۔ اگر آل پارٹیز کانفرنس (APC) بلانی ہے تو ملک کی ترقی اور بہتری کے لیے بلائی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ اصل احتجاج مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کے ذمہ دار نیتن یاہو اور اسرائیل کے خلاف ہونا چاہیے۔
مشیرِ وزیراعظم نے بتایا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی مشترکہ کاوشوں کی بدولت ملک میں تیل کی سپلائی کا تسلسل برقرار ہے اور کوئی رکاوٹ نہیں آئی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کمزور طبقات کے لیے ٹارگٹڈ سبسڈی کا آغاز کر دیا ہے تاکہ غریب طبقے کو براہِ راست ریلیف مل سکے۔
رانا ثناء اللہ نے دعویٰ کیا کہ پاکستان اس وقت عالمی بحرانوں کو حل کرنے کے لیے کلیدی پوزیشن میں ہے اور پوری دنیا کی نظریں پاکستان پر لگی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا   ایران، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور امریکہ جنگ بندی کی کوششوں کے لیے پاکستان پر بھرپور اعتماد کرتے ہیں۔    پاکستان ان سفارتی کوششوں اور “معرکہ حق” میں سرخرو ہو کر نکلے گا۔
انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ سیاسی مقاصد کے لیے ملک میں افراتفری پیدا کرنے والوں کے لیے کوئی گنجائش نہیں۔ حکومت کسی کو بھی عوام کو گمراہ کرنے یا ملکی استحکام کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دے گی۔