سی ٹی ڈی کا پنجاب کو بڑی تباہی سے بچانے کا دعویٰ؛ 58 خفیہ آپریشنز کے دوران فتنہ الخوارج کے اہم کمانڈر سمیت 13 دہشت گرد گرفتار

سی ٹی ڈی کا پنجاب کو بڑی تباہی سے بچانے کا دعویٰ؛ 58 خفیہ آپریشنز کے دوران فتنہ الخوارج کے اہم کمانڈر سمیت 13 دہشت گرد گرفتار

لاہور: کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (CTD) نے پنجاب میں دہشت گردی کے شدید خدشات کے پیشِ نظر صوبے کے مختلف اضلاع میں گرینڈ آپریشنز کرتے ہوئے 13 خطرناک دہشت گردوں کو گرفتار کر کے تخریب کاری کا نیٹ ورک توڑ دیا ہے۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق، حساس اداروں سے ملنے والی انتہائی خفیہ اطلاعات کے بعد صوبے بھر میں 58 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز (IBOs) کیے گئے۔ یہ ٹارگٹڈ کارروائیاں لاہور، ساہیوال، ملتان، جہلم، منڈی بہاؤالدین، جھنگ، چنیوٹ اور میانوالی میں عمل میں لائی گئیں۔

ترجمان نے تفاصیل فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ ان کامیاب کارروائیوں کے دوران صوبائی دارالحکومت لاہور سے ‘فتنہ الخوارج’ کا ایک انتہائی خطرناک اور مطلوب دہشت گرد مختار بھی پکڑا گیا ہے۔ گرفتار دہشت گردوں کو نامعلوم مقام پر منتقل کر کے تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے، جبکہ صوبے بھر کے حساس مقامات اور داخلی و خارجی راستوں پر سیکیورٹی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔