سکیورٹی فورسز کا بڑا بریک تھرو خودکش بمبار خاتون گرفتار دہشت گردوں کا نیٹ ورک بے نقاب

سکیورٹی فورسز کا بڑا بریک تھرو خودکش بمبار خاتون گرفتار دہشت گردوں کا نیٹ ورک بے نقاب

کوئٹہ : بلوچستان میں سکیورٹی فورسز نے ایک انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے خودکش بمبار خاتون کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار خاتون ‘لائبہ’ نے دورانِ تفتیش دہشت گردوں کے پورے نیٹ ورک کا کچا چٹھا کھول دیا ہے، جس سے کئی اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔
گرفتار خودکش بمبار لائبہ نے اپنے ویڈیو بیان میں انکشاف کیا ہے کہ اسے دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے باقاعدہ تیار کیا گیا تھا۔ اس کے بیان کے اہم نکات درج ذیل ہیں۔  لائبہ کا تعلق ضلع خضدار سے ہے۔ اس نے بتایا کہ گزشتہ سال جولائی میں اس کا رابطہ کالعدم ٹی ٹی پی کے خطرناک کمانڈر ابراہیم عرف قاضی سے ہوا۔کمانڈر ابراہیم نے لائبہ کو خودکش حملے کے لیے تیار کیا اور اس کی اس حد تک ذہن سازی کی کہ وہ دھماکا کرنے کے لیے رضامند ہو گئی۔
لائبہ کو یہ ٹارگٹ دیا گیا تھا کہ وہ نیٹ ورک کو وسعت دینے کے لیے مزید لڑکیوں اور خواتین کو خودکش حملوں کے لیے تیار کرے۔سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ لائبہ کی گرفتاری اور اس کی فراہم کردہ معلومات سے صوبے میں کام کرنے والے دہشت گردوں کے خفیہ سیلز کو ٹریس کرنے میں بڑی مدد ملی ہے۔ لائبہ نے اعتراف کیا ہے کہ اسے ایک مخصوص مشن کے لیے تیار کیا جا رہا تھا جسے سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کر کے ناکام بنا دیا۔گرفتار خاتون نے دیگر خواتین کو خبردار کرتے ہوئے کہا میں تمام خواتین سے کہتی ہوں کہ وہ ایسے گروہوں کے بہکاوے میں نہ آئیں اور کسی بھی غلط یا غیر قانونی کام میں ملوث نہ ہوں، یہ راستہ صرف تباہی کی طرف جاتا ہے۔”
حکام کا کہنا ہے کہ یہ گرفتاری دہشت گردوں کے عزائم پر کاری ضرب ہے اور بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنے والے کسی بھی گروہ یا فرد کو بخشا نہیں جائے گا۔