سندھ میں مارکیٹیں جلد بند کرنے پر مشاورت جاری؛ حکومت کا عوام کو اربوں روپے کا ریلیف دینے کا دعویٰ

سندھ میں مارکیٹیں جلد بند کرنے پر مشاورت جاری؛ حکومت کا عوام کو اربوں روپے کا ریلیف دینے کا دعویٰ

کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے صوبائی وزراء کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عوام کے لیے خطیر ریلیف پیکج اور اہم انتظامی فیصلوں کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مارکیٹیں جلد بند کرنے کے حوالے سے فی الحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا بلکہ اس پر تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت جاری ہے۔
شرجیل میمن نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ حکومت سندھ نے 35 ارب روپے کا خصوصی ریلیف پیکج تیار کیا ہے جس کے تحت درج ذیل اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ چھوٹے کسانوں کی مالی معاونت کے لیے فی ایکڑ 1500 روپے کی ادائیگی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
 مہنگائی کے اثرات کم کرنے کے لیے موٹر سائیکل سواروں کو ماہانہ 2 ہزار روپے فراہم کیے جا رہے ہیں۔ شہریوں کی سہولت کے لیے موٹر سائیکل کی ٹرانسفر فیس مکمل طور پر معاف کر دی گئی ہے۔
اسی دوران صوبائی وزیر ایکسائز مکیش کمار چاولہ نے میڈیا کو بتایا کہ جیکب آباد میں ایک بڑی کارروائی کے دوران 40 کلو چرس برآمد کر لی گئی ہے۔ انہوں نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا     یہ کارروائی نیول انٹیلی جنس کی فراہم کردہ خفیہ اطلاع پر کی گئی۔
    صوبائی محکمہ ایکسائز اور پاک بحریہ کے درمیان منشیات فروشوں کے خلاف مشترکہ آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے تاکہ صوبے کو منشیات کی لعنت سے پاک کیا جا سکے۔