کراچی: سندھ حکومت نے صوبے بھر میں غیر قانونی اور غیر معیاری گاڑیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔ سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے تمام ڈپٹی کمشنرز اور چیئرمین ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیز کو اس حوالے سے باقاعدہ مراسلہ جاری کر دیا ہے۔
شرجیل میمن نے واضح کیا کہ روٹ پرمٹ اور فٹنس سرٹیفکیٹ کے حصول کو آسان بنانے کے لیے اب ڈیجیٹل نظام متعارف کرا دیا گیا ہے، جس کے تحت فٹنس سرٹیفکیٹس مکمل طور پر آن لائن جاری کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ کسی بھی گاڑی کو مکمل دستاویزات اور فٹنس کلیئرنس کے بغیر سڑکوں پر چلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔