کراچی :محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر نے سندھ بھر میں گرمی کی شدید لہر کے باعث ‘ہیٹ الرٹ’ جاری کر دیا ہے۔ آئندہ 72 گھنٹوں کے دوران صوبے کے بالائی، وسطی اور ساحلی علاقوں میں درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے کا امکان ہے، جس کے باعث معمولاتِ زندگی شدید متاثر ہو سکتے ہیں۔
کراچی میں آئندہ تین روز کے دوران موسم شدید گرم اور مرطوب رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق زیادہ سے زیادہ پارہ 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 65 فیصد تک رہنے کی توقع ہے، جس کے باعث گرمی کی شدت اصل درجہ حرارت سے کہیں زیادہ محسوس ہوگی۔ سمندری ہواؤں کے ساتھ ساتھ مغربی سمت سے گرم ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔اندرونِ سندھ درجہ حرارت 49 ڈگری تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔ صوبے کے دیگر اضلاع میں 11 مئی تک ہیٹ ویو کی صورتحال برقرار رہے گی۔ شدید گرمی کے پیشِ نظر ماہرینِ صحت نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ دن کے اوقات میں سورج کی براہِ راست تپش سے بچیں اور بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ پانی اور ٹھنڈے مشروبات کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں تاکہ ڈی ہائیڈریشن سے بچا جا سکے۔ بزرگوں اور بچوں کی صحت کا خاص خیال رکھیں کیونکہ وہ ہیٹ اسٹروک سے جلد متاثر ہو سکتے ہیں۔