کراچی: سندھ اسمبلی نے معرکہِ حق میں دشمن کو عبرتناک شکست دینے اور ملکی سرحدوں کے کامیاب دفاع پر پاک فوج اور فضائیہ کے اعزاز میں متفقہ طور پر قرارداد منظور کر لی ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ایوان میں خطاب کرتے ہوئے بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستانی شاہینوں کی تاریخی برتری کے حقائق بیان کیے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ پہلگام کا واقعہ محض ایک ‘فالس فلیگ آپریشن’ تھا جس کے ذریعے بھارت دنیا کو گمراہ کرنا چاہتا تھا، لیکن پاکستانی قوم اور افواج نے اتحاد کی طاقت سے اس سازش کو ملیامیٹ کر دیا۔
وزیر اعلیٰ نے ایوان کو بتایا کہ پاک فضائیہ نے پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت دیتے ہوئے بھارت کے 8 جنگی جہاز مار گرائے، جن میں جدید ترین رافیل طیارے بھی شامل تھے۔ اس کے علاوہ دشمن کے 77 سے زائد ڈرونز بھی تباہ کیے گئے۔ خطاب کے دوران انکشاف کیا گیا کہ معرکے کے وقت بھارت کے 74 طیارے فضا میں موجود تھے جو مکمل طور پر پاک فضائیہ کے نشانے پر تھے۔ پاکستانی شاہین چاہتے تو ان تمام 74 جہازوں کو بھی زمین بوس کر سکتے تھے۔
مراد علی شاہ نے رافیل طیاروں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ “رافیل جہاز بہت اچھا ہے، لیکن اسے چلانے کے لیے جس دل اور گردے کی ضرورت ہے، وہ بھارتی پائلٹس کے پاس نہیں۔ایوان نے بلاول بھٹو زرداری کی عالمی سطح پر کی گئی سفارت کاری کو بھی سراہا، جنہوں نے عالمی برادری کے سامنے پاکستان کا مقدمہ بھرپور قوت کے ساتھ پیش کیا۔
سندھ اسمبلی کی اس قرارداد میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پوری قوم اپنی مسلح افواج کے پیچھے کھڑی ہے اور وطنِ عزیز کی طرف اٹھنے والی ہر میلی آنکھ کو پھوڑنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔