دہشت گرد دشمن کے ایجنڈے پر ہیں شرجیل میمن

دہشت گرد دشمن کے ایجنڈے پر ہیں شرجیل میمن

کراچی : صوبائی وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (CTD) کی حالیہ کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ سکیورٹی اداروں نے بروقت کارروائی کر کے کراچی کو ایک بہت بڑی تباہی سے بچا لیا ہے۔
شرجیل میمن نے دہشت گرد گروہوں کے عزائم کو بے نقاب کرتے ہوئے کہا کالعدم تنظیمیں پاکستان کو کمزور کرنے کے لیے دشمن ممالک کے اشاروں پر کام کر رہی ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ دشمن کے ان ناپاک ایجنڈوں اور دہشت گردوں کی کوششوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔صوبائی وزیر نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں اور کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا سندھ پولیس، سی ٹی ڈی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردوں کے خلاف اپنا آپریشن جاری رکھیں گے۔ ریاست کی رٹ کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا اور شرپسند عناصر کا پیچھا جاری رہے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ کراچی میں دہشت گردوں کے نیٹ ورک کے خلاف گھیرا مزید تنگ کر دیا گیا ہے اور حالیہ انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز سے کئی بڑے منصوبے ناکام بنائے گئے ہیں۔