دہشت گرد بلوچ خواتین کا استحصال کر رہے ہیں لاحاصل جنگ کا ایندھن نہ بنیں: وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی

دہشت گرد بلوچ خواتین کا استحصال کر رہے ہیں لاحاصل جنگ کا ایندھن نہ بنیں: وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی

کوئٹہ : وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے انکشاف کیا ہے کہ دہشت گرد تنظیمیں اپنے ناپاک مقاصد کے لیے بلوچ خواتین کا استحصال کر رہی ہیں اور ‘بلوچیت’ کے نام پر معصوم لوگوں کو گمراہ کیا جا رہا ہے۔ کوئٹہ میں اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ بلوچ قوم کو اب سنجیدگی سے سوچنا ہوگا کہ انہیں ایک ایسی لاحاصل جنگ کی طرف دھکیل دیا گیا ہے جس کا مقصد صرف تباہی ہے۔
وزیراعلیٰ نے سکیورٹی فورسز کی حالیہ بڑی کامیابی کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا  خودکش بمبار خاتون ‘لائبہ’ کو گرفتار کر کے صوبے کو ایک بڑی تباہی سے بچا لیا گیا ہے۔ اس گرفتاری نے دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو مفلوج کر دیا ہے۔
 انہوں نے اس کامیاب آپریشن پر تمام سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو مبارکباد پیش کی اور ان کی مستعدی کو سراہا۔سرفراز بگٹی نے سرحد پار سے ہونے والی مداخلت اور افغان مہاجرین کے حوالے سے دو ٹوک موقف اختیار کیا  پاکستان کے خلاف دہشت گردی کرنے والے عناصر اس وقت افغانستان میں موجود ہیں۔افغان مہاجرین کو ان کے وطن واپس بھیجنا ریاست کا حتمی فیصلہ ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے غیور عوام اب دہشت گردی کو کسی صورت قبول نہیں کرتے۔ انہوں نے زور دیا کہ بلوچ نوجوانوں کو ورغلا کر ریاست کے خلاف استعمال کرنے کا سلسلہ اب ختم ہونا چاہیے۔