کراچی :صوبائی وزیرِ بلدیات سعید غنی نے سندھ کی تقسیم کی سیاست کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب سے پیدا ہوئے ہیں، تقسیم کی باتیں ہی سن رہے ہیں، لیکن ایسا کبھی نہیں ہوگا اور نہ ہی ایسا ہو سکتا ہے۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ سندھ کی دھرتی ایک ہے اور اسے کسی صورت تقسیم نہیں کیا جا سکتا۔
شہرِ قائد کے ماضی اور حال کا موازنہ کرتے ہوئے سعید غنی کا کہنا تھا کہ سب جانتے ہیں یہ شہر ماضی میں کس طرح ایک چٹکی پر بند ہوتا تھا اور چٹکی پر کھلتا تھا۔ انہوں نے ماضی کے حالات پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جس شہر میں ایک ایک دن میں پچاس پچاس لاشیں گرتی تھیں، آج الحمدللہ اسی شہر میں امن و امان قائم ہے اور ہر طرف ریکارڈ ترقیاتی کام ہو رہے ہیں۔
عوامی ریلیف اور معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے مطالبہ کیا کہ مہنگائی کے اس دور میں غریب اور متوسط طبقے کو ریلیف دینے کے لیے 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے لیے سبسڈی برقرار رہنی چاہیے، تاکہ عام آدمی پر بوجھ کم کیا جا سکے۔