بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں، متعدد فوڈ بزنس یونٹس کا معائنہ، جرمانے اور اصلاحی نوٹسز جاری

بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں، متعدد فوڈ بزنس یونٹس کا معائنہ، جرمانے اور اصلاحی نوٹسز جاری

– Advertisement –

کوئٹہ۔ 15 ستمبر (اے پی پی):بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے ژوب اور خضدار میں مختلف یونٹس کا معائنہ کیااورحفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر جرمانے اور اصلاحی نوٹسز جاری کردئیے۔

پیر کے روزژوب میں ڈی جی خان روڈ، پانی تقسیم اور مرکزی بازار کے اطراف قائم جنرل اسٹورز، میٹ شاپس اور ملک شاپس سمیت متعدد مراکز کی چیکنگ کی گئی، جہاں صفائی کی ابتر صورتحال، ورکرز کی ذاتی صفائی نہ ہونے، کھلے کوڑے دان، پراسیسنگ ایریاز میں گندگی اور مکھیوں کی موجودگی، گوشت کو گردوغبار میں لٹکانے، آلودہ اوزار کے استعمال، حتمی پراڈکٹس کی نامناسب اسٹوریج اور آلودہ پانی کی فراہمی پر کارروائی عمل میں لائی گئی، جبکہ کئی مراکز مالکان کے پاس فوڈ بزنس لائسنس نہ ہونے پر ایکشن لیا گیا۔

– Advertisement –

معمولی نقائص پر اصلاحی نوٹسز بھی جاری کیے گئے۔اسی طرح خضدار میں آر سی ڈی روڈ پر قائم 2 ریسٹورنٹس، ایک اسٹریٹ ہوٹل، ایک نان شاپ اور ایک جنرل اسٹور کو صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات، ورکرز کے حفاظتی سامان کے بغیر کام کرنے، کھلے کوڑے دان، پراسیسنگ ایریاز میں گندگی و نکاسی آب کے ناقص انتظامات، آلودہ پانی اور جراثیم زدہ برتنوں کے استعمال پر جرمانہ کیا گیا۔

نان شاپ سے کم وزن کے آٹے کے پیڑے برآمد ہوئے جبکہ جنرل اسٹور سے ایکسپائرڈ اسنیکس، کیکس اور مشروبات برآمد ہونے پر کارروائی کی گئی۔ 9 دیگر مراکز کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔بی ایف اے حکام کے مطابق عوامی صحت کے تحفظ کے لیے صوبے بھر میں ایسی انسپیکشنز جاری رہیں گی اور قوانین کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

– Advertisement –