کراچی:وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ایران اور امریکہ کے درمیان جاری حالیہ کشیدگی کے تناظر میں اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات کو پاکستان کی تاریخ کی بڑی سفارتی کامیابی قرار دے دیا ہے۔ کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو قوتیں دہائیوں سے ایک دوسرے کے خلاف برسرِ پیکار تھیں، انہیں بات چیت پر آمادہ کرنا پاکستان کی عالمی ساکھ کا ثبوت ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے امن مذاکرات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دہائیوں سے ایک دوسرے کی مخالف قوتوں کو ایک ہی میز پر لانا کوئی معمولی بات نہیں، یہ پاکستان کی ایک عظیم کامیابی ہے۔ ایران اور امریکہ دونوں نے پاکستان کی ثالثی اور اس کی سرزمین پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے ان دونوں طاقتوں کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے انتہائی اہم اور تزویراتی کردار ادا کیا ہے۔مراد علی شاہ نے انکشاف کیا کہ ان مذاکرات کے عمل میں پاکستان پیپلز پارٹی کو مکمل طور پر اعتماد میں لیا گیا تھا۔ انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا “اسلام آباد امن مذاکرات میں پیپلز پارٹی مکمل طور پر ‘آن بورڈ’ تھی۔ بلاول بھٹو کے پاس اگرچہ کوئی سرکاری عہدہ نہیں ہے، لیکن وہ اس پورے سفارتی عمل میں انتہائی متحرک رہے اور پسِ پردہ اہم خدمات سرانجام دیں۔”
وزیراعلیٰ سندھ نے واضح کیا کہ ڈپلومیسی ایک صبر آزما عمل ہے جس میں وقت لگتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان مذاکرات کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے جو نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کے امن کے لیے فائدہ مند ثابت ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اپنا مصالحتی کردار بہترین طریقے سے ادا کیا ہے اور اب عالمی طاقتوں کو امن کی راہ اختیار کرنی چاہیے۔