افغانستان سے دشمنی نہیں لیکن اپنی سرزمین کی حفاظت جانتے ہیں، نقصان پہنچانے والوں سے سختی سے نمٹیں گے: وزیر داخلہ بلوچستان

افغانستان سے دشمنی نہیں لیکن اپنی سرزمین کی حفاظت جانتے ہیں، نقصان پہنچانے والوں سے سختی سے نمٹیں گے: وزیر داخلہ بلوچستان

کوئٹہ: وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا لانگو نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کے ہمراہ اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک دشمن عناصر کی سازشیں عروج پر ہیں اور پاکستان کے خلاف مسلسل افغان سرزمین کا استعمال کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور ہماری افغانستان کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں ہے، تاہم اپنی سرحدوں کی حفاظت کرنا ہم بخوبی جانتے ہیں۔ میر ضیا لانگو کا کہنا تھا کہ افغانستان اس وقت اپنے عوام کی خوشحالی کے بجائے دہشت گردوں کے زیرِ اثر ہے، جبکہ بھارت خطے میں پراکسیز اور فنڈنگ کے ذریعے دہشت گردی کو فروغ دے رہا ہے۔

وزیر داخلہ نے دوٹوک پیغام دیا کہ جو بھی پاکستان کی سلامتی کو چیلنج کرے گا یا ہمیں نقصان پہنچانے کی کوشش کرے گا، اسے انتہائی سخت اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ ریاست اپنی سرزمین کی حفاظت کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائے گی۔