اسلام آباد پنجاب اور خیبر پختونخوا میں زمین لرز اٹھی شدت 5.7

اسلام آباد پنجاب اور خیبر پختونخوا میں زمین لرز اٹھی شدت 5.7

اسلام آباد/پشاور : وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت پنجاب اور خیبر پختونخوا کے متعدد اضلاع میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ زلزلے کے باعث عوام میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.7 ریکارڈ کی گئی ہے۔ زلزلے کے جھٹکے  سوات، بونیر، مالاکنڈ، اور بٹ خیلہ،اسلام آباد، راولپنڈی اور ملحقہ علاقوں میں محسوس کیئے گئے ۔ زلزلے کا مرکز افغانستان اور تاجکستان کا سرحدی علاقہ تھا۔ زمین میں زلزلے کی گہرائی 170 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی، جس کی وجہ سے دور دور تک جھٹکے محسوس کیے گئے۔
زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے ہی بلند و بالا عمارتوں میں موجود لوگ سیڑھیوں کے ذریعے کھلے مقامات کی جانب دوڑے، جبکہ سڑکوں پر موجود ٹریفک بھی تھم گئی۔ تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے، تاہم ریسکیو اداروں اور ہسپتالوں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔