آئی سی سی آئی تجارت کے فروغ کےلئے قومی اور بین الاقوامی نمائشیں منعقد کرے گا، صدر سردار طاہر محمود

آئی سی سی آئی تجارت کے فروغ کےلئے قومی اور بین الاقوامی نمائشیں منعقد کرے گا، صدر سردار طاہر محمود

– Advertisement –

اسلام آباد۔13ستمبر (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز (آئی سی سی آئی) کی قیادت نے تاجر برادری کے مسائل کے حل اور دارالحکومت میں کاروبار کرنے میں آسانی کو فروغ دینے کے پختہ عزم کا اظہار کیا ہے،ان کا کہنا تھا کہ چیمبر کاروباری سرگرمیوں اور ترقی کو فروغ دینے کے لیے سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر قومی اور بین الاقوامی نمائشوں کا انعقاد کرے گا۔

ہفتے کو چیمبر سے جاری بیان کے مطابق صدر سردار طاہر محمود نے آئی سی سی آئی فاؤنڈر گروپ کے چیئرمین طارق صادق، کونسل ممبران، سابق صدور اور ایگزیکٹو ممبران کے ہمراہ تجارت و صنعت سے تعلق رکھنے والے کاروباری رہنمائوں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئی سی سی آئی اس مقصد کو حاصل کرنے کے لیے تمام متعلقہ محکموں بالخصوص کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے ساتھ اپنے ورکنگ ریلیشنز کو مزید مضبوط کرے گا۔

– Advertisement –

انہوں نے کاروباری برادری کے ساتھ قریبی رابطے میں رہنے، ان کے چیلنجوں کو سمجھنے اور موثر وکالت کے ذریعے ان کو حل کرنے کے لیے ’’اوپن ڈور پالیسی‘‘ پر سختی سے عمل کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی کاروباری سرگرمیوں اور ترقی کو فروغ دینے کے لیے سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر قومی اور بین الاقوامی نمائشوں کا انعقاد کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ چیمبر دوست ممالک بالخصوص وسطی ایشیائی اور آسیان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ساتھ بہتر روابط اور بی ٹو بی اجلاسوں کے انعقاد کے ذریعے تعلقات کو مضبوط بنانے پر بھی توجہ دے گا۔سینئر نائب صدر طاہر ایوب نے اپنے ریمارکس میں اس بات پر زور دیا کہ مارکیٹوں کے بنیادی مسائل بشمول صفائی، سیوریج، پارکنگ، سٹریٹ لائٹس، سڑکیں، فٹ پاتھ اور بالخصوص تجاوزات کے چیلنج کو حل کرنا آئی سی سی آئی کی اولین ترجیح رہے گی

۔نائب صدر محمد عرفان چوہدری نے کاروباری برادری کے اندر اتحاد کی اہمیت پر زور دیا، اس بات پر زور دیا کہ یکساں کاروباری مواقع یقینی بنانے اور پائیدار کاروباری ترقی کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کے لیے اجتماعی طاقت ضروری ہے۔شرکا میں چیئر مین آئی سی سی آئی فاؤنڈر گروپ طارق صادق، کونسل ممبران عبدالرؤف عالم، خالد جاوید، ظفر بختاوری، محمد اعجاز عباسی، خالد اقبال ملک، چوہدری وحید الدین، میاں شوکت مسعود، چوہدری مسعود، شیخ عامر وحید اور میاں اکرم فرید بھی شامل تھے۔

– Advertisement –