امریکا کی 2027 کے بجٹ میں دفاعی اخراجات بڑھانے کی تجویز

امریکا کی 2027 کے بجٹ میں دفاعی اخراجات بڑھانے کی تجویز

واشنگٹن ۔4اپریل (اے پی پی):وائٹ ہاؤس کے آفس آف مینجمنٹ اینڈ بجٹ نے2027 کے لیے بجٹ تجویز جاری کر دی ہے، جس میں دفاعی اخراجات کو بڑھا کر 1.5 کھرب امریکی ڈالر تک لے جانے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ گھریلو پروگرامز میں نمایاں کٹوتیوں کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔شنہوا کے مطابق بجٹ ڈائریکٹر رسل ووٹ کے مطابق یہ منصوبہ قومی دفاع کے لیے پہلے سے مقرر “تاریخی ایک کھرب ڈالر” کے بجٹ کو مزید بڑھاتے ہوئے 2027 میں 44 فیصد اضافے کے ساتھ 1.5 کھرب ڈالر تک لے جانے کی تجویز دیتا ہے۔

دوسری جانب، اس منصوبے میں غیر دفاعی اخراجات کو محدود کرنے اور وفاقی حکومت میں اصلاحات کے تحت 2026 کے مقابلے میں 10 فیصد کمی کی تجویز بھی شامل ہے۔وائٹ ہاؤس میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دفاعی اخراجات کو ترجیح قرار دیا اور کہا کہ صحت کی دیکھ بھال جیسے گھریلو معاملات ریاستوں کو منتقل کیے جانے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ ہم جنگیں لڑ رہے ہیں، ہم ڈے کیئر کا خرچ برداشت نہیں کر سکتے۔ یہ ذمہ داری ریاستوں کو لینی چاہیے اور انہیں ہی اس کے اخراجات بھی برداشت کرنے چاہئیں۔

بجٹ تجویز میں صحت کے پروگراموں کے علاوہ مہاجرین کی آبادکاری، قابل تجدید توانائی منصوبوں، یونیورسٹی گرانٹس اور ہاؤسنگ پروگرامز میں بھی کٹوتیوں کی تجاویز شامل ہیں۔واضح رہے کہ صدر کی جانب سے پیش کردہ سالانہ بجٹ انتظامیہ کی ترجیحات کی عکاسی کرتا ہے، تاہم حتمی منظوری کا اختیار کانگریس کے پاس ہوتا ہے۔