افریقی یونین کا مشرق وسطیٰ میں استحکام کے لیے چین۔پاکستان اقدام کا خیرمقدم

افریقی یونین کا مشرق وسطیٰ میں استحکام کے لیے چین۔پاکستان اقدام کا خیرمقدم

ادیس بابا۔4اپریل (اے پی پی):افریقی یونین (اے یو ) نے خلیج اور مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کے قیام کے لیے چین اور پاکستان کے پانچ نکاتی اقدام کا خیرمقدم کیا ہے۔شنہو ا کے مطابق افریقی یونین کمیشن کے چیئرمین محمود علی یوسف نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ اقدام خطے میں کشیدگی کم کرنے اور سیاسی و سفارتی حل کو فروغ دینے کی جاری بین الاقوامی کوششوں میں ایک بروقت اور مثبت پیش رفت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس منصوبے میں فوری جنگ بندی، شہریوں کے تحفظ، بین الاقوامی انسانی قوانین کے احترام اور سمندری سلامتی کو یقینی بنانے جیسے اہم نکات شامل ہیں، جو موجودہ بحران پر قابو پانے کے لیے ضروری ہیں۔محمود علی یوسف نے خلیج اور مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس کے اثرات عالمی سطح پر محسوس کیے جا رہے ہیں، جن میں توانائی کی ترسیل، خوراک کے نظام اور معاشی استحکام شامل ہیں، خصوصاً افریقہ جیسے خطے میں جہاں پہلے ہی متعدد چیلنجز موجود ہیں۔

انہوں نے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں، فوری طور پر کشیدگی کم کریں اور بات چیت کا راستہ اپنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دیرپا حل صرف مذاکرات اور سفارتی ذرائع سے ہی ممکن ہے۔افریقی یونین نے خطے میں امن و استحکام کے لیے بین الاقوامی اور علاقائی شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔