روس نے اپنی “Impatriation” اسکیم کے تحت غیر ملکی ہنر مند افراد کو متوجہ کرنے کے لیے ایک نیا ڈیجیٹل پورٹل متعارف کرا دیا ہے، جس کے ذریعے شہریت اور ملازمت کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ پروگرام ایسے افراد کے لیے ہے جو پیشہ ورانہ مہارت رکھتے ہوں اور مستقل طور پر روس منتقل ہونا چاہتے ہوں۔ درخواست گزاروں کے لیے ضروری ہے کہ وہ نہ صرف اپنی مہارت ثابت کریں بلکہ روسی معاشرتی اقدار کے احترام کا بھی اظہار کریں۔
درخواست کا طریقہ کار:
امیدواروں کو آن لائن درخواست دینا ہوگی، جس میں جامع سی وی، تعلیمی اسناد اور پیشہ ورانہ سرٹیفکیٹس جمع کروانا لازمی ہوگا۔ ابتدائی جانچ کے بعد امیدواروں کا آن لائن انٹرویو لیا جائے گا، جبکہ حتمی فیصلہ زیادہ سے زیادہ 125 دن میں کیا جائے گا۔
منتخب امیدواروں کے لیے سہولیات:
کامیاب درخواست گزاروں کو ویزا کے حصول میں معاونت، رہائش کی سہولت اور سماجی ہم آہنگی میں مدد فراہم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ ہر امیدوار کے لیے ایک پرسنل مینیجر بھی مقرر کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق مسترد ہونے والے افراد دیگر ویزا کیٹیگریز کے تحت دوبارہ درخواست دے سکتے ہیں، تاہم اسی پروگرام میں دوبارہ اپلائی کرنے کے لیے ایک سال انتظار کرنا ہوگا۔
یہ اقدام روس کی اس حکمت عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد عالمی ٹیلنٹ کو متوجہ کر کے معیشت اور ہنرمندی کے شعبوں کو مضبوط بنانا ہے۔