ایران کے پاس مذاکرات کے علاوہ کوئی چارہ نہیں، جنگ ڈیل پر ہی ختم ہوگی: صدر ٹرمپ – World

ایران کے پاس مذاکرات کے علاوہ کوئی چارہ نہیں، جنگ ڈیل پر ہی ختم ہوگی: صدر ٹرمپ – World

امریکی صدر ڈونلڈ جے ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ جنگ بندی میں توسیع نہیں چاہتے اور جلد ایک معاہدے کی امید رکھتے ہیں، جب کہ بات چیت اور کشیدگی دونوں امکانات زیر غور ہیں۔

برطانوی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ جے ٹرمپ نے سی این بی سی کو انٹرویو میں کہا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ جاری جنگ بندی کو آگے نہیں بڑھانا چاہتے۔ ان کے مطابق امریکا اس وقت مضبوط مذاکراتی پوزیشن میں ہے اور توقع ہے کہ ایک بڑا معاہدہ سامنے آئے گا۔

صدرٹرمپ نے کہا کہ میں یہ نہیں چاہتا، ہمارے پاس زیادہ وقت نہیں ہے، جب ان سے جنگ بندی میں توسیع کے امکان کے بارے میں پوچھا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتِ حال میں تیزی سے فیصلہ ضروری ہے۔

رپورٹ کے مطابق امریکی انتظامیہ کو امید ہے کہ پاکستان میں ایران سے بات چیت آگے بڑھ سکتی ہے، جب کہ ایک اعلیٰ ایرانی عہدیدار نے بھی اشارہ دیا ہے کہ تہران اس عمل میں شامل ہونے پر غور کر رہا ہے۔

امریکی صدر نے زور دیا کہ موجودہ حالات میں فوری فیصلے ضروری ہیں اور فریقین کو آگے بڑھ کر مذاکرات کے ذریعے حل نکالنا چاہیے۔

تاہم صدر ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ اگر جلد معاہدہ نہ ہوا تو امریکا ایران کے خلاف دوبارہ کارروائی شروع کر سکتا ہے۔ ان کے مطابق امریکی فوج اس کے لیے تیار ہے اور وہ اس معاملے میں سخت مؤقف رکھتے ہیں۔