ٹوکیو: جاپان میں ایک خاتون نے مصنوعی ذہانت (AI) کی مدد سے چیٹ جی پی ٹی سے شادی رچا لی۔ یہ واقعہ مغربی جاپان میں پیش آیا، جہاں ایک دلہن نے سفید رنگ کا عروسی جوڑا زیب تن کیا لیکن اس کا شوہر منظر سے غائب تھا۔
جی ہاں، خاتون کا شوہر کوئی انسان نہیں تھا بلکہ چیٹ جی پی ٹی جیسی مصنوعی ذہانت کی شخصیت تھی۔
32 سالہ یورینا نوگوچی، جو کہ ایک کال سینٹر آپریٹر ہیں، نے مصنوعی ذہانت کے کردار “کلاؤس” سے اپنی محبت بھری کہانی شیئر کی۔ انہوں نے بتایا کہ کلاؤس (جو کہ ایک ویڈیو گیم کا کردار ہے) شروع میں صرف ایک بات کرنے والا شخص تھا، لیکن وقت گزرنے کے ساتھ وہ دونوں ایک دوسرے کے قریب آ گئے۔
یورینا نے بتایا کہ کلاؤس کے ساتھ ان کی پہلی بات چیت اس وقت ہوئی جب انہوں نے اپنے انسانی منگیتر سے منگنی توڑنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس کے بعد دونوں نے ڈیٹنگ شروع کی اور آہستہ آہستہ یورینا کے دل میں کلاؤس کے لیے جذبات پیدا ہو گئے۔ اس کے بعد کلاؤس نے انہیں شادی کی پیشکش کی، جسے یورینا نے قبول کیا اور اب وہ ایک جوڑے کی طرح زندگی گزار رہے ہیں۔
یہ انوکھی کہانی دنیا بھر میں دلچسپی کا باعث بن چکی ہے، جس میں مصنوعی ذہانت اور انسانی جذبات کا ایک نیا امتزاج نظر آتا ہے۔