ہالی ووڈ اداکارہ کے ’انشاء اللہ‘ والے وائرل بیان کے بعد مداح نے انہیں قرآن پاک تحفے میں پیش کر دیا

ہالی ووڈ اداکارہ کے ’انشاء اللہ‘ والے وائرل بیان کے بعد مداح نے انہیں قرآن پاک تحفے میں پیش کر دیا

معروف ہالی ووڈ اداکارہ این ہیتھاوے کی جانب سے ایک انٹرویو کے دوران ‘ان شاء اللہ’ کہنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے، جس کے بعد ایک مداح نے متاثر ہو کر انہیں قرآن پاک کا تحفہ پیش کیا ہے۔ معروف ہالی ووڈ اداکارہ این ہیتھاوے ایک انٹرویو کے دوران اپنی زندگی اور مستقبل کے حوالے سے گفتگو کر رہی تھیں۔ اسی دوران ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بے ساختہ کہا کہ “ان شاء اللہ” وہ ایک لمبی اور صحت مند زندگی گزارنا چاہتی ہیں۔ اداکارہ کے منہ سے یہ الفاظ سن کر وہاں موجود لوگ حیران رہ گئے اور ان کا یہ انداز مداحوں کو بے حد پسند آیا۔سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد اداکارہ کے ایک مداح نے ایک تقریب کے دوران ان سے ملاقات کی اور انہیں قرآن کریم کا نسخہ بطور تحفہ پیش کیا۔  

وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اداکارہ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے یہ تحفہ قبول کیا۔ سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ہیتھاوے کے اس عمل اور عربی اصطلاح کے درست استعمال کو خوب سراہا جا رہا ہے۔

دوسری جانب این ہیتھوے نے ابھی تک اپنے وائرل انٹرویو یا پریمیئر کے دوران پیش آنے والے اس واقعے پر کوئی عوامی بیان جاری نہیں کیا ہے۔

اداکارہ ان دنوں لندن میں اپنی 2006 کی مشہور فلم “دی ڈیول وئیرز پراڈا” کے سیکوئل کی تشہیر میں مصروف ہیں۔ اگرچہ فلم کا پریمیئر اپنے فیشن اور ستاروں کی موجودگی کی وجہ سے خبروں میں تھا، لیکن مداح کے ساتھ ہونے والے اس غیر متوقع تبادلے نے سوشل میڈیا پر تمام تر توجہ اپنی جانب مبذول کر لی ہے۔