بالی:انڈونیشیا کے 11 سالہ ریان ارکان نے کشتی کے کنارے جو ڈانس کیا، وہ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گیا ہے۔ ریان کا یہ منفرد انداز ’اورا فارمنگ‘ کے مترادف سمجھا جا رہا ہے، یعنی لوگوں کو اپنے جادو میں جکڑ لینے کی صلاحیت۔
ریان کشتی ریس ’پاکو جالور‘ میں ’توگک لوان‘ کے کردار میں تھے، جس کا کام کھلاڑیوں کو حوصلہ دینا ہوتا ہے۔ ان کی یہ ویڈیو لاکھوں لوگوں نے دیکھی اور امریکی فٹبالر ٹریوس کیلسی، فارمولہ ون ڈرائیور ایلکس ایلبن، اور پیرس سینٹ جرمین کے کھلاڑیوں نے بھی اس ڈانس کی نقل کی ہے۔
ریان پانچویں جماعت کے طالب علم ہیں اور ان کی والدہ نے بتایا کہ کشتی پر رقص کرتے ہوئے گرنے کا خطرہ ہوتا ہے، لیکن ریان ایک ماہر تیراک ہیں جو اپنے آپ کو محفوظ رکھتے ہیں۔
حال ہی میں انڈونیشیا کے صوبائی گورنر نے ریان کو ثقافت کا سفیر مقرر کیا ہے، اور وہ جکارتہ میں وزیر ثقافت و سیاحت سے ملاقات کے لیے مدعو ہیں۔ ریان کا خواب پولیس افسر بننا ہے، لیکن وہ نوجوانوں کو صحت مند زندگی گزارنے اور اپنے خوابوں کے تعاقب کی ترغیب بھی دیتے ہیں۔