چین میں دنیا کا سب سے طویل آؤٹ ڈور ایسکلیٹر متعارف

چین میں دنیا کا سب سے طویل آؤٹ ڈور ایسکلیٹر متعارف

بیجنگ: چین کے شہر چونگ کنگ نے اپنے منفرد اور پہاڑی طرز کے جغرافیائی ڈھانچے کو سہولت بخش بنانے کے لیے ایک نیا آؤٹ ڈور ایسکلیٹر سسٹم متعارف کروا دیا ہے، جسے ووشان گاڈیس ایسکلیٹر کہا جاتا ہے۔

یہ جدید انفراسٹرکچر 21 ایسکلیٹرز، 8 لفٹس، 4 موونگ واک ویز، 2 پیدل پل اور 2 اوور پاسز پر مشتمل ہے۔ اس کے ذریعے ووشان کاؤنٹی کے گاوٹانگ علاقے میں شن نو ایونیو کے اوپری اور زیریں حصوں کے درمیان سفر کا وقت پہلے کے ایک گھنٹے کی بجائے صرف 20 منٹ رہ گیا ہے۔

ایسکلیٹر کے نچلے اور اوپری حصے کے درمیان اونچائی کا فرق تقریباً 242 میٹر ہے، جو کہ ایک 80 منزلہ عمارت کے برابر ہے، اور پورا سسٹم تقریباً ایک کلومیٹر (905 میٹر) لمبا ہے۔

17 فروری سے عوام کے لیے یہ سسٹم تجرباتی طور پر کھولا گیا ہے، جہاں ہر مسافر کے لیے کرایہ 3 یوان (تقریباً 0.4 امریکی ڈالر) مقرر کیا گیا ہے۔ آزمائشی مدت کے اختتام پر حکام فیصلہ کریں گے کہ آیا کرایہ اسی سطح پر برقرار رکھا جائے یا اس میں تبدیلی کی جائے۔

یہ نیا آؤٹ ڈور ایسکلیٹر سسٹم شہر میں شہریوں کے لیے سفر کو نہ صرف تیز بلکہ زیادہ آرام دہ بنانے میں مددگار ثابت ہوگا اور پیچیدہ جغرافیائی ڈھانچے میں نقل و حرکت کو آسان بنائے گا۔