گوئیژو، چین : چین کے جنوب مغربی صوبے گوئیژو میں دنیا کا سب سے بلند پل “ہواجیانگ گرینڈ کینین برج” 28 ستمبر کو باقاعدہ طور پر ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا۔ یہ عظیم الشان منصوبہ نہ صرف چین کی انجینئرنگ مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے بلکہ عالمی سطح پر پلوں کی تعمیر میں ایک نیا ریکارڈ بھی قائم کر رہا ہے۔
گوئیژو کے پہاڑی علاقے میں تعمیر کیا گیا یہ پل دریا کی سطح سے 625 میٹر بلند ہے، جو اسے دنیا کا سب سے اونچا پل بناتا ہے۔ پل کی کل لمبائی 2,890 میٹر جبکہ اس کا مرکزی اسپین 1,420 میٹر طویل ہے، جو پہاڑی علاقوں میں اب تک کا سب سے طویل اسپین ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس پل کی تعمیر میں تقریباً 3 سال کا عرصہ لگا اور اس پر 283 ملین امریکی ڈالر (تقریباً 2 ارب یوان) کی لاگت آئی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ پل کی بلندی امریکی شہر نیویارک میں واقع “ون ورلڈ ٹریڈ سینٹر” سے بھی زیادہ ہے۔ٓ
پل کے افتتاح کے بعد یہ دنیا کے سب سے اونچے پل ہونے کے ساتھ ساتھ پہاڑی علاقے میں سب سے بڑے اسپین والے پل کا ریکارڈ بھی اپنے نام کر لے گا۔ یہ منصوبہ نہ صرف مقامی ٹریفک کی سہولت کا باعث بنے گا بلکہ چین کے جدید اور پائیدار انفراسٹرکچر کی ترقی میں بھی ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
واضح رہے کہ صوبہ گوئیژو کو چین میں “پلوں کا دارالحکومت” بھی کہا جاتا ہے، جہاں کئی دیگر ریکارڈ ساز پل بھی موجود ہیں۔