– Advertisement –
لاہور۔15ستمبر (اے پی پی):پنجاب میں اعلی تعلیم کے میدان میں سنگ میل کی حیثیت رکھنے والے اصلاح کنسورشیم کا آغاز کر دیا گیا۔ کنسورشیم کے بنیادی اراکین میں ملک کی5 نمایاں جامعات یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور،یونیورسٹی آف کمالیہ، غازی یونیورسٹی ڈیرہ غازی خان، تھل یونیورسٹی بھکر اور گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور شامل ہیں اور اس ضمن میں یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عاکف انور چوہدری سمیت پانچوں جامعات کے وائس چانسلرز نے تاریخی مفاہمت کی یاداشت (ایم او یو) پر یونیورسٹی آف کمالیہ میں دستخط کئے۔اصلاح کنسورشیم میں نئی جامعات کے ساتھ ایک صدی پر محیط علمی ورثے کی حامل جامعات بھی شامل ہیں جو پنجاب کے مکمل جغرافیائی تنوع کی نمائندگی کرتی ہیں۔
یہ سٹریٹجک اتحاد ملک بھر میں وسعت اختیار کرے گا تاکہ طلبہ،اساتذہ اور مقامی برادریوں کے لئے تعاون کے نئے دروازے کھولے جا سکیں۔اصلاح کنسورشیم کے تحت رکن جامعات قومی مسائل کے حل کے لئے مشترکہ تحقیقی منصوبوں پر کام کریں گی،تدریسی اور قیادتی صلاحیتوں میں اضافے کے لئے فیکلٹی ڈویلپمنٹ پروگرامز مرتب کئے جائیں گے،طلبہ کو علمی افق وسیع کرنے کے لئے تبادلے کے مواقع فراہم کئے جائیں گے،اختراعات اور ٹیکنالوجی پر مبنی حل کے لئے انوویشن لیبز قائم ہوں گی اور سماجی ترقی و شہری ذمہ داری کے فروغ کے لئے کمیونٹی آئوٹ ریچ اقدامات کئے جائیں گے۔
– Advertisement –
اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عاکف انور چوہدری نے یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ اصلاح کنسورشیم مثبت تبدیلی لانے والا ایک پلیٹ فارم ثابت ہوگا، جو مستقبل کے لیے گریجویٹس تیار کرے گا،جدت کو فروغ دے گا اور ملک بھر میں اعلی تعلیمی اداروں کو مضبوط بنائے گا۔اصلاح کنسورشیم کا آغاز علمی عظمت کے اشتراک کا نیا باب ہے جو اجتماعی ترقی، اختراع اور نوجوانوں کے لئے امید کی بنیاد فراہم کرتا ہے۔
– Advertisement –