– Advertisement –
اسلام آباد۔10ستمبر (اے پی پی):پاکستان نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے ریجنل اینٹی ٹیررازم سٹرکچر کی سر براہی سنبھال لی، یہ فیصلہ ایس سی او کے رکن ممالک کے پاکستان پر اعتماد کا مظہر جبکہ علاقائی امن و سلامتی، خصوصاً دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں پاکستان کی بھرپور کوششوں اور خدمات کا اعتراف ہے۔ بدھ کو دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق ایس سی او کے رکن کے طور پر پاکستان دہشت گردی کے خلاف علاقائی تعاون کو فروغ دینے کے لیے کام کرے گا۔
یہ کوششیں مشترکہ ترجیحات کے مطابق اور “شنگھائی سپرٹ” باہمی اعتماد، مساوات اور مشترکہ ذمہ داری کے اصولوں کی روشنی میں آگے بڑھائی جائیں گی۔ پاکستان کلیدی شعبوں میں سرگرمیوں اور تقریبات کی میزبانی بھی کرے گا جن میں سائبر انسداد دہشت گردی، معلوماتی آپریشنز، سرحدی سلامتی، دہشت گردوں کی مالی معاونت کی روک تھام اور استعداد کار میں اضافہ شامل ہیں تاکہ رکن ممالک کے درمیان تعاون کو مزید بڑھایا جا سکے۔
– Advertisement –
پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف صف اول کے ملک کے طور پر نہ صرف اپنے عوام بلکہ خطے اور دنیا کی سلامتی کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن ہونے کے باعث پاکستان کو انسداد دہشت گردی سمیت کئی اہم ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں، پاکستان ایس سی او کے اصولوں، بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی روشنی میں دہشت گردی کے خلاف اجتماعی کوششوں کو آگے بڑھانے کے لیے عالمی اور علاقائی شراکت داروں کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔
– Advertisement –