پاکستان میں پولینڈ کی سرمایہ کاری قابل تعریف ہے،سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں نقصانات کا تفصیلی تخمینہ لگایا جا رہا ہے، وزیرخزانہ محمداورنگزیب کی پاکستان میں پولینڈکے سفیرسے ملاقات میں گفتگو

پاکستان میں پولینڈ کی سرمایہ کاری قابل تعریف ہے،سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں نقصانات کا تفصیلی تخمینہ لگایا جا رہا ہے، وزیرخزانہ محمداورنگزیب کی پاکستان میں پولینڈکے سفیرسے ملاقات میں گفتگو

– Advertisement –

اسلام آباد۔15ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہاہے کہ پاکستان میں پولینڈ کی سرمایہ کاری قابل تعریف ہے،سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں نقصانات کا تفصیلی تخمینہ لگایا جا رہا ہے تاکہ ترقیاتی و دوطرفہ شراکت داروں کو آگاہ کیا جا سکے۔انہوں نے یہ بات پیرکویہاں پاکستان میں پولینڈ کے سفیرماسیج پسارسکی سے ملاقات میں کہی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فریقین نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے، تجارت و سرمایہ کاری کے تعلقات کو وسعت دینے اور تعاون و تبادلے کے نئے مواقع تلاش کرنے پر زور دیا۔پولینڈکے سفیرنے مون سون کی حالیہ بارشوں اور سیلاب سے جانی و مالی نقصانات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے معیشت کومستحکم بنانے اور اقتصادی بحالی پر وزیر خزانہ کو مبارکباد دی۔ انہوں نے وزیرخزانہ کوبتایاکہ کہ دوطرفہ روابط کو مزید فروغ دینے کیلئے پولینڈکی حکومت عنقریب ایک اعلیٰ سطح کا وفد پاکستان بھیجے گی جس کی قیادت سینئر سیاسی قیادت کرے گی۔ سفیر نے کہا کہ پولینڈ پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات بڑھانے اور تجارت و سرمایہ کاری کو وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت دوطرفہ تجارت ایک ارب ڈالر سے زائد ہے جس کا توازن پاکستان کے حق میں ہے تاہم اسے مزید وسعت دے کر متوازن بنایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ پولینڈ نے پاکستان میں تیل و گیس کے شعبے میں 100 ملین ڈالر سے زائد سرمایہ کاری کر رکھی ہے اور اس سرمایہ کاری کو بڑھانے کے لیے مقامی طور پر حاصل شدہ آمدن اور وسائل کو دوبارہ لگانے کا ارادہ رکھتا ہے۔پولینڈکے سفیرنے نے پاکستان کی متعلقہ وزارتوں کے ساتھ قریبی تعاون کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نئے ممکنہ شعبوں کی نشاندہی اور باہمی تعاون کے لیے تکنیکی معاونت فراہم کی جا سکتی ہے جن میں عوامی مالیات، ریگولیشنز، دوطرفہ تبادلے، تربیتی پروگرامز، تجربات میں شراکت داری اور علم کی منتقلی شامل ہیں۔وزیرخزانہ نے سفیر کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جاری ریسکیو اور ریلیف آپریشنز سے آگاہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ انہوں نے خود کل متاثرہ علاقوں کادورہ کیاہے اور ریلیف کیمپوں میں راشن، خوراک اور طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

– Advertisement –

وزیر خزانہ نے کہا کہ سیلاب کی شدت اور رفتار انتہائی تباہ کن رہی ہے، اس لیے نقصانات کا تفصیلی تخمینہ لگایا جا رہا ہے تاکہ ترقیاتی و دوطرفہ شراکت داروں کو آگاہ کیا جا سکے کیونکہ بحالی کا عمل طویل اور مشکل ہوگا۔وزیر خزانہ نے پاکستان میں پولینڈ کی سرمایہ کاری کو سراہا اورتجات وسرمایہ کاری بڑھانے کیلئے پولینڈکی جانب سے پاکستان میں مزیدسرمایہ کاری کی خواہش کا خیرمقدم کیا ۔ انہوں نے علم و تجربے کی منتقلی، معلومات کے تبادلے، تکنیکی معاونت اور عوامی مالیات، ٹیکس پالیسی اور ریگولیٹری فریم ورک جسے سٹریٹجک شعبوں میں اشتراک پر مبنی تیل و گیس، معدنیات و کان کنی کی ترقی، اور دیگر اقدامات میں تعاون کا خیرمقدم کیا ۔فریقین نے پاکستان اور پولینڈ کے تعلقات کو مزید گہرا کرنے اور مختلف شعبوں میں باہمی مفاد پر مبنی شراکت داری کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

– Advertisement –