پاکستان اور آذربائیجان کا دوطرفہ تجارت کے فروغ اور سرمایہ کاری بڑھانے سمیت مشترکہ بزنس ٹو بزنس سیشنز پر اتفاق

پاکستان اور آذربائیجان کا دوطرفہ تجارت کے فروغ اور سرمایہ کاری بڑھانے سمیت مشترکہ بزنس ٹو بزنس سیشنز پر اتفاق

– Advertisement –

باکو۔9ستمبر (اے پی پی):پاکستان اور آذربائیجان نے دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے، سرمایہ کاری بڑھانے، طویل المدتی کاروباری تعلقات قائم کرنے، باکو اور اسلام آباد میں مستقل پر اڈکٹ ڈسپلے سینٹرز کے قیام اور مشترکہ بزنس ٹو بزنس سیشنز کے انعقاد پر اتفاق کیا ہے۔منگل کے روز یہاں سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اس عزم کا اظہار آذربائیجان ایکسپورٹ اینڈ انویسٹمنٹ پروموشن ایجنسی (اے زیڈ پرومو) اور آذربائیجان پاکستان جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (اے پی جے سی سی آئی) کے ایک اعلیٰ سطحی وفد کی باکو میں ہونے والی ملاقات میں کیا گیا۔ پاکستانی وفد کی قیادت پیٹرن ان چیف اے پی جے سی سی آئی احسن ظفر بختاوری نے کی جبکہ اے زیڈ پرومو کے ڈپٹی ایگزیکٹو ڈائریکٹر تورال حاجیلی نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ تورال حاجیلی نے اس موقع پر کہا کہ برآمدات کو فروغ دینا اور سرمایہ کاری کو متوجہ کرنا ان کی تنظیم کا بنیادی مقصد ہے اور اے پی جے سی سی آئی کا قیام دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان منظم تعاون کا سنگ میل ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ موجودہ تجارتی حجم اصل صلاحیت سے کم ہے لیکن قریبی تعاون اور بزنس ٹو بزنس روابط کے ذریعے بے پناہ مواقع سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ پاکستان آذربائیجانی مصنوعات خصوصاً خوراک اور کاسمیٹکس کے لیے ایک پرکشش مارکیٹ ہے جبکہ کھادیں آذربائیجان سے پاکستان درآمد کی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اے پی جے سی سی آئی آذربائیجان پاکستان بزنس فورم منعقد کرے گی اور سنگل کنٹری نمائشوں کے ساتھ ساتھ باکو و اسلام آباد میں مستقل پر اڈکٹ ڈسپلے سینٹرز قائم کرنے کی کوشش کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں حکومتوں نے دو ارب امریکی ڈالر کے تجارتی ہدف کا تعین کیا ہے اور نجی شعبے کی ذمہ داری ہے کہ وہ مخصوص شعبوں میں شراکت داری کے ذریعے اس ہدف کے حصول میں کردار ادا کرے۔ ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق ہوا کہ آذربائیجان کا کاروباری وفد آئندہ سال کے اوائل میں پاکستان کا دورہ کرے گا تاکہ دوطرفہ تجارتی و سرمایہ کاری کے اقدامات کو نئی رفتار ملے۔

– Advertisement –