پاکستانی خواتین کوہ پیماؤں کی تاریخی کامیابی، 5400 میٹر بلند بری لا چوٹی سر کر لی

پاکستانی خواتین کوہ پیماؤں کی تاریخی کامیابی، 5400 میٹر بلند بری لا چوٹی سر کر لی

– Advertisement –

اسلام آباد۔12ستمبر (اے پی پی):الپائن کلب آف پاکستان کی گولڈن جوبلی کے موقع پر خواتین کوہ پیماؤں نے ایک تاریخی کامیابی حاصل کرتے ہوئے 5400 میٹر بلند بری لا چوٹی سر کر لی۔ اس چار روزہ مہم جوئی کا آغاز 7 ستمبر کو سکردو سے ہوا، جس میں پاکستان کے چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور کشمیر سے تعلق رکھنے والی خواتین نے حصہ لیا۔اس مہم میں خیبر پختونخوا سے ماریہ بنگش، گلگت بلتستان سے زیبا بتول، پنجاب سے بسمہ حسن، بلوچستان سے لاریب بتول، سندھ سے مدیحہ سید، اسلام آباد سے شاہرین خان اور انڈپینڈنٹ اردو کی صحافی مونا خان شامل تھیں۔ مہم کی قیادت خاتون لیڈر بی بی افزون نے کی۔الپائن کلب آف پاکستان کے سیکرٹری ایاز شگری نے کہا کہ “خواتین کا پہاڑوں کی جانب یہ قدم بااختیاری کی علامت ہے۔

عمومی طور پر خواتین کو غیر نصابی سرگرمیوں کے مواقع کم ملتے ہیں، اس لیے ہم مستقبل میں بھی ایسی مہمات کا انعقاد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ “الپائن کلب کو پاکستان کے ہر خطے سے خواتین کوہ پیماؤں کی نئی نسل کو اکٹھا کرنے پر فخر ہے۔مہم کے دوران دیوسائی ٹاپ پر چار روز قیام کیا گیا، جہاں پہلے دو دن ہائیکنگ کی مشقیں کرائی گئیں تاکہ خواتین کو سمٹ کے لیے تیار کیا جا سکے۔

– Advertisement –

مہم کی رہنمائی معروف کوہ پیماؤں ساجد سدپارا، اشرف سدپارا، فدا شغری اور شریف سدپارا نے کی۔ساجد سدپارا نے کہا ہے کہ ہم خواتین کی اس کامیابی پر بہت خوش ہیں اور فخر ہے کہ ہم اس ٹیم کا حصہ تھے۔ اشرف سدپارا نے بھی تمام خواتین کی ہمت کی تعریف کی اور کہا کپ تمام خواتین نے بہترین ہمت کا مظاہرہ کیا۔ امید ہے کہ الپائن کلب مزید ایسی مہمات کا انعقاد کرے گا۔یہ مہم نہ صرف خواتین کی صلاحیتوں کا مظہر ہے بلکہ پاکستان میں کوہ پیمائی کے فروغ اور خواتین کی بااختیاری کے لیے ایک اہم قدم ہے۔

– Advertisement –