ٹیکساس : امریکی ماہرین نے ریاست ٹیکساس میں ایک غیر معمولی نسل کے پرندے کی موجودگی کی تصدیق کی ہے، جو ممکنہ طور پر گرین جے اور بلیو جے نامی دو مختلف اقسام کے پرندوں کا امتزاج ہے۔
یونیورسٹی آف ٹیکساس، آسٹن کے حیاتیاتی ماہرین نے اس منفرد پرندے پر تحقیق کرتے ہوئے ایک دستاویزی فلم بھی تیار کی ہے۔ تحقیق کے مرکزی مصنف برائن اسٹوکس کا کہنا ہے کہ “ہم سمجھتے ہیں کہ یہ دو مختلف نسلوں کے پرندے موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث ایک دوسرے کے قریب آئے، جس کے نتیجے میں یہ نئی قسم وجود میں آئی۔”
واضح رہے کہ ماضی میں گرین جے، جو وسطی امریکا سے تعلق رکھتا ہے، بمشکل جنوبی ٹیکساس تک پہنچ پاتا تھا، جبکہ بلیو جے، جو مشرقی امریکا میں عام پایا جاتا ہے، ہیوسٹن سے آگے مغرب میں دکھائی نہیں دیتا تھا۔
ماہرین کے مطابق حالیہ برسوں میں موسمیاتی اثرات کی وجہ سے دونوں پرندوں کی آبادیاں آہستہ آہستہ ایک دوسرے کے قریب آ گئیں، جس سے ان کے ملاپ کا امکان پیدا ہوا اور یہ نایاب ہائبرڈ پرندہ منظرِ عام پر آیا۔
ماہرین کا ماننا ہے کہ یہ دریافت حیاتیاتی تنوع اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے باہمی تعلق کو بہتر طور پر سمجھنے میں مدد دے سکتی ہے۔