لندن:ٹائٹینک کے حادثے سے بچ جانے والے ایک مسافر کا تحریر کردہ تاریخی خط حالیہ نیلامی میں 3 لاکھ 99 ہزار ڈالرز (تقریباً 11 کروڑ پاکستانی روپے) میں فروخت ہو گیا۔ یہ خط کرنل آَرچی بالڈ گریس نے 1912 میں ٹائٹینک کے شمالی بحر اوقیانوس میں غرق ہونے سے دو روز پہلے تحریر کیا تھا۔
آکشن ہاؤس “ہنری الڈیریج اینڈ سن” نے اس خط کو “میوزیم گریڈ” قرار دیا، اور یہ ایک امریکی پرائیویٹ کلکٹر نے خریدا۔ کرنل آَرچی نے اس خط میں ٹائٹینک کے بارے میں محتاط انداز میں رائے دی تھی، اور اپنی رائے دینے سے قبل اس کے مکمل تجربے کا انتظار کرنے کی بات کی تھی، لیکن بدقسمتی سے وہ وقت نہ آ سکا اور جہاز دو دن بعد ڈوب گیا۔
کرنل آَرچی بالڈ گریس نے حادثے میں بچ جانے کے بعد برفانی پانی میں کافی دیر تک رہنے کی وجہ سے بیمار ہو گئے اور اسی حالت میں 8 ماہ بعد انتقال کر گئے۔