وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت وجیہہ قمر نے اسلام آباد کے کالجز میں ’’ایک بیٹی، ایک درخت‘‘کے تحت پودے لگائے

وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت وجیہہ قمر نے اسلام آباد کے کالجز میں ’’ایک بیٹی، ایک درخت‘‘کے تحت پودے لگائے

– Advertisement –

اسلام آباد۔10ستمبر (اے پی پی):وزیرِ مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت وجیہہ قمر نے بدھ کو وزیراعظم کے فلیگ شپ پروگرام ’’ایک بیٹی ایک درخت ‘‘کے تحت اسلام آباد ماڈل کالج برائے طلبہ ایچ نائن اور اسلام آباد ماڈل پوسٹ گریجویٹ کالج آف کامرس ایچ ایٹ فور میں پودے لگائے۔

وزیرِ مملکت نے یہ دورہ فیڈرل گورنمنٹ کالج ٹیچرز ایسوسی ایشن کی دعوت پر کیا۔ ایچ نائن کالج میں پودا لگانے کے بعد وزیرِ مملکت نے اساتذہ اور انتظامیہ سے تعلیمی کارکردگی پر تفصیلی گفتگو کی۔ پرنسپل پروفیسر جاوید اقبال نے کالج کی تعلیمی کامیابیوں، تحقیقی منصوبوں اور کمیونٹی سرگرمیوں پر بریفنگ دی۔ وجیہہ قمر نے اساتذہ اور طلبہ کی محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ وسائل کی کمی کے باوجود یہ کالجز معیاری اعلیٰ تعلیم فراہم کر رہے ہیں۔

– Advertisement –

انہوں نے بی ایس اسلامیات کے طلبہ کی تحقیقاتی تحقیقی مقالے بھی دیکھے اور معیار کو سراہا۔ اس موقع پر صدر ایف جی سی ٹی اے اکرم خان کھوسہ نے سرکاری کالجز میں بی ایس اور اے ڈی پی پروگرام ختم کرنے کے وفاقی نظامت تعلیمات کے فیصلے پر تشویش کا اظہار کیا اور وزیرِ مملکت سے ذاتی مداخلت کی درخواست کی۔ وجیہہ قمر نے یقین دہانی کرائی کہ وہ طلبہ کے مفاد میں معاملے کو حل کریں گی۔

بعد ازاںایچ ایٹ فورکامرس کالج میں بھی انہوں نے پودا لگایا اور کامرس کالج پرنسپل ڈاکٹر محمد خالد نے انہیں کالج کی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔ وزیرِ مملکت نے اس موقع پر کہا کہ درخت لگانا موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لئے ناگزیر ہے ،اس کے علاوہ درخت ہمیں آکسیجن فراہم کرتے ہیں اور زندگی کو قائم رکھنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ طلبہ اور اساتذہ نے شجرکاری مہم میں بھرپور شرکت کی۔

– Advertisement –