وزیراعظم کے حالیہ دورہ چین سے دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے، افتخار علی ملک

وزیراعظم کے حالیہ دورہ چین سے دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے، افتخار علی ملک

– Advertisement –

اسلام آباد۔14ستمبر (اے پی پی):سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے امید ظاہر کی ہے کہ وزیراعظم کے حالیہ دورہ چین کے دوران 8.5 ارب ڈالر کے معاہدوں پر دستخط سے دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارتی اور تزویراتی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ اتوار کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ دستخط شدہ مفاہمت کی یادداشتیں چین پاکستان اقتصادی راہداری ( سی پیک ) کے دوسرے مرحلے کے تحت تعاون کے ایک نئے دور کی راہ ہموار کریں گی جو پاکستان کے معاشی مستقبل کا سنگ بنیاد ثابت ہو گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کے نجی شعبے خصوصاً تجارت اور صنعت کو برآمدات میں اضافہ، جدید ٹیکنالوجیز کو مربوط کرنے اور مسابقت کو بہتر بنا کر ان معاہدوں سے مکمل فائدہ اٹھانے کے لیے ایک فعال انداز اپنانا چاہیے۔

افتخار علی ملک نے مزید کہا کہ پاکستان مصنوعات کو متنوع بنا کر اور چینی ویلیو چینز سے ہم آہنگ ہو کر اپنی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ کر سکتا ہے۔انہوں نے پالیسی سازوں پر زور دیا کہ وہ معاہدوں پر عمل درآمد میں شفافیت، کارکردگی اور تسلسل کو یقینی بنائیں، کامیاب عملدرآمد سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوگا اور معاشی ترقی میں تیزی آئے گی۔افتخار علی ملک نے کہا کہ معاہدوں سے علاقائی تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی، سی پیک کے تحت بہتر انفراسٹرکچر اور کنیکٹیوٹی وسطی ایشیا، افغانستان اور اس سے آگے کے ممالک کے ساتھ تجارت کو آسان بنائے گی۔انہوں نے مشکل وقت میں پاکستان کے لیے چین کی مسلسل حمایت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ نئے معاہدوں سے رابطے، انفراسٹرکچر، توانائی اور صنعتی تعاون میں نمایاں بہتری آئے گی۔

– Advertisement –

انہوں نے کہا کہ یہ معاہدے عالمی چیلنجوں کے باوجود چینی قیادت اور سرمایہ کاروں کے پاکستان کی اقتصادی لچک اور صلاحیت پر اعتماد کی عکاسی کرتے ہیں۔افتخار علی ملک نے اس بات پر زور دیا کہ سی پیک کے نئے مرحلے میں خصوصی اقتصادی زونز کی ترقی، زرعی جدید کاری، صنعتی نقل مکانی اور مہارت کی ترقی کو ترجیح دی جائے گی جس سے نہ صرف روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ پائیدار اقتصادی ترقی میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ مفاہمت کی یادداشتیں پاک چین تعلقات کو مستحکم کرنے اور مشترکہ خوشحالی اور علاقائی استحکام کی مضبوط بنیاد رکھنے میں ایک اہم پیش رفت کی نشاندہی کرتی ہیں۔

– Advertisement –